• Home
  • /
  • Blog
  • /
  • Quotes About Islamic State by Quaid-e-Azam

Quotes About Islamic State by Quaid-e-Azam

Posted in Quaid-e-Azam Muhammad Ali Jinnah   on  June 28, 2021 by Shoaib

فرموداتِ قائداعظمؒ

اسلامی مملکت

ہمارے متعلق بہت سی غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں،بہت سے فتنے برپا کئے جا رہے ہیں،پوچھا یہ جاتا ہے کہ پاکستان میں اسلامی حکومت قائم ہو گی؟ ان بھلے مانسوں سے کوئی پوچھے کہ کیا یہ بھی کوئی ایسی بات ہے جس کے معتلق کچھ پوچھنے کی ضرورت پیش آئے!۔

(اجلاس آل انڈیا مسلم لیگ دلّی۔24اپریل1943ء)

پاکستان کا یہ مطلب نہیں کہ ہم غیر ملکی حکومت سے آزادی چاہتے ہیں اس سے حقیقی مراد مسلم آئیڈیالوجی ہےجس کا تحفظ نہایت ضروری ہے۔ہم نے صرف اپنی آزادی ہی حاصل نہیں کرنی ٗ اس قابل بھی بننا ہےکہ ہم اس کی حفاظت کر سکیں  اور اسلامی تصورات و اصولات کے مطابق زندگی بسر کر سکیں۔

مسلمان پاکستان کا مطالبہ کرتے ہیں جہاں وہ اپنے ضابطۂ حیات کے مطابق اور خود اپنے تہذیبی ارتقاء ٗ روایات اور اسلامی قوانین کے مطابق حکمرانی کر سکیں۔

میں اپنے ملک میں صحیح اسلامی جمہوری اصول و اقتدار کا احیاء چاہتا ہوں۔

میں اس موقع پر ان جاگیرداروں اور سرمایہ پرستوں کے لئے جو عوام کی محنت سے پھلے پھولے ہیں ٗ یہ انتباہ ضروری سمجھتا ہوں کہ ان کی ذہنیت بدکرداری اور حرام خوری پر مبنی ہے جس نے انہیں خود غرضی کی اس انتہا تک پہنچا دیا ہے کہ ان سے کسی معقول روش کی توقع نہیں کی جا سکتی ٗ عوام کو اپنے مفاد کی خاطر استعمال کرنا ان کی فطرت میں داخل ہے۔وہ اسلام کی ہدایات فراموش کر چکے ہیں اور اس خود غرضی و مفاد پرستی نے انہیں اغیار کے مقاصد کا آلۂ کار بنا رکھا ہے۔

(خطبہ صدارت مسلم لیگ اجلاس دہلی 24-اپریل 1938ء)

یہ صرف جان توڑ ٗ  مسلسل اور نا قابل شکست مساعی کے زور پر ممکن ہو گا کہ ہم اپنے عوام میں ایسی قوت پیدا کر دیں جس سے نہ صرف آزادی و استقلال کا حصول ممکن ہوبلکہ اسے شایان شان طور پر متشکل بھی کیا جا سکے ٗ پاکستان کا منتہا و مقصود آزادی اور استقلال تک محدود نہیں ٗ یہ اس اسلامی آئیڈ یالوجی کا آئینہ دار ہے جو ہمیں ایک بیش بہا ورثے اور سرمایۂ حیات کے طور پر حاصل ہوئی ہے جس کے ثمرات سے دیگر اقوام بھی مستفید ہوں گی۔

(مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کانفرنس-18جون 1945ء)

قیام پاکستان کے بعد ہم اپنی سلطنت کا آغاز لڑائی جھگڑوں سے نہیں کریں گے ٗ ہمیں خود اپنے لئے کچھ کرنا ہو گا اور انہیں بھی ٗ لیکن اگر انہوں نے اس کا آغاز کر دیا اور اپنے ہاں کی مسلم اقلیت سے برا سلوک کیا تو ہم خاموش تماشائی کی حیثیت اختیار نہیں کریں گے۔اگر برطانیہ لارڈ گلیڈ اسٹون کے عہد میں اقلیتوں کے تحفظ کے نام پر آرمینیا کے معاملات میں داخل انداز ہو سکتا ہے تو پھر ہمیں یہ حق کیونکر حاصل نہیں ہو سکتا؟ اگر ہماری اقلیتوں پر کہیں بھی کوئی دباؤ ڈالا گیا تو ہم وہی راستہ اختیار کریں گے۔

(مسلم لیگ ارکان اسمبلی کنونشن-11 اپریل 1946ء)

میں خدائے عظیم سے دعا کرتا ہوں کہ مسلمان کے دامن پر وہ  بدنما داغ نہ لگے ٗ جس کا مظاہرہ مظلوم مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کر کے بہارؔ میں کیا گیا ہے ہمیں تہذیب و شرافت کو کبھی ہاتھ سے چھوڑنا چاہئے ٗ مسلمانوں پر جو ظلم ہو رہے ہیں ان سے ہمارا کلیجہ چھلنی ہو رہا ہے لیکن ہم مسلم اکثر یت والے صوبوں میں بے گناہوں کو مار کر اپنا دل ٹھنڈا نہیں کریں گے۔میں مسلمانوں سے پر زور اپیل کروں گا کہ وہ جہاں بھی اکثریت میں ہوں ٗ غیر مسلموں کی حفاظتِ جان اور مال کے لئے جو کچھ ممکن ہو کریں ٗ اقلیت والے صوبوں میں مسلمانوں پر جو مظالم توڑے گئے ہیں ٗ جو بے گناہ مسلمان شہید کئے گئے ہیں یا مال اسباب لوٹا گیا ہے ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ٗ وہ سمجھ لیں کہ انہوں نے جنگ پاکستان اور آزادی کے لئے اپنا حق ادا کر دیا ہے۔

(قوم کے نام اپیل ۔11نومبر1946ء)

ہمارے ملک میں اس وقت دو قسم کے لوگ موجود ہیں ایک طبقہ پاکستان کو سیکولر ریاست بنانے کا حامی ہے اور دوسرا طبقہ پاکستان میں روایتی اسلام کا نظام برپا کرنا چاہتا ہے۔میں ذاتی طور پر صیحح اسلامی نظام کا دیانتداری سے خواہش مند ہوں ٗ پاکستان کے علاقوں میں ہم اس قابل ہوں گے کہ اسلام کے ترکے اور اپنے تہذیب و تمدن کی نگہبانی دوسروں کی مداخلت کے بغیر کر سکیں۔

ہم اپنی جداگانہ مملکت چاہتے ہیں ٗ جس میں ہم اپنے تصور کے مطابق زندگی بسر کر سکیں ٗ  ہندؤں اور مسلمانوں کے اختلافات ایسے بنیادی ہیں کہ زندگی کا کوئی اہم معاملہ ایسا نہیں جس میں یہ (دونوں) متفق ہوں۔

(لندن میں تقریر۔12 دسمبر 1946ء)

ہم جانتے ہیں کہ ہمارےساتھ کیسی کیسی بے انصافیاں اور زیادتیاں روا رکھی گئی ہیں ٗ تقسیم کا کام ختم ہو چکا ہےاور ہمارےعلاقے کو جس قدر کم کیا جا سکتا تھا کر دیا گیا۔باؤنڈری کمیشن کا فیصلہ نہ صرف غیر  منصفانہ ہے بلکہ بد نیتی  پر بھی مبنی ہے،اسے قانونی فیصلہ نہیں کہا جا سکتا۔یہ سیاسی فیصلہ ہے بہر حال اب فیصلہ ہو چکا ہے ٗ ہم نے جو وعدے کئے ہیں انہیں پورا کریں گے۔ہم الفاظ پر قائم ہیں۔

(تقریرِ لاہور۔اگست 1947ء)

آپ درحقیقت میرے اور میری طرح کے لاکھوں مسلمانوں کے دل کی ترجمانی کریں گے جب آپ کہیں گے کہ پاکستان کی بنیاد عدلِ عمرانی اسلامی سوشلزم پر رکھنی چاہئے جو اخوتِ انسانی پر سب سے زیادہ زور دیتا ہے ٗ آپ ایسا کہنے میں بھی میرے خیالات کی ترجمانی کریں گے کہ یہاں ہر فرد کو نشوونما کے یکساں مواقع میسر ہونے چاہئیں۔

(چٹاگانگ میں تقریر 26مارچ 1948ء)

ذرا سوچئے کہ کوئی شخص اس سے بڑھ کر اور کس چیز کی توقع کر سکتا ہے کہ یہ عظیم خطۂ زمین اس اقتدار کے تابع  آگیا ہے جسے اسلامی اقتدار کہا جاتا ہے۔

(ایڈورڈ کالج پشاور۔18اپریل 1948ء)

آپ نے میرا جس گرمجوشی سے استقبال کیا ہے اور جن الفاظ میں میری خدمات کا تذکرہ کیا ہےمیں اس کے لئے آپ کا شکرگذار ہوں ٗ میں نے جو کچھ بھی کیا ہےاسلام کا خادم ہونے کی حیثیت سے کیاہے۔ہم مسلمان ٗ ایک خدا ٗ  ایک کتاب قرآن مجید اور ایک رسولﷺ پر ایمان رکھتے ہیں اس لئے ہمیں ایک ملت کی حیثیت سے زندہ رہنا چاہئے اب اس ملک میں غیروں کی حکومت نہیں ٗ اب یہاں مسلمانوں کی حکومت اور ،مسلمانوں کا راج ہے۔

(پشاور قبائلی جرگہ سے خطاب۔17 اپریل 1948ء)

ہمارے پیشِ نظر مقصد یہ ہے کہ یہاں کے عوام خوشحالی اور اطمینان کی زندگی بسر کر سکیں ٗ اس مقصد کا حصول مغرب کے اقتصادی نظام کو اختیار کرنے سے کبھی نہیں ہو سکے گا۔ہمیں اپنا راستہ آپ متعین کرنا چاہئےاور دنیا کے سامنے ایسا نظام پیش کرنا چاہئےجو اسلامی مساوات اور عدلِ عمرانی کے اسلامی تصورات پر مبنی ہو ٗ صرف یہی طریق ہے جس سے ہم اس فریضے سے عہدہ برا ہو سکیں گے جو ہم پر مسلمان ہونے کی حیثیت سے عائد ہوتا ہے،ہم دنیا کو وہ پیغام دے سکیں گے جو اسے تباہیوں سے بچالے جائے اور نوعِ انسانی کی بہود و مسرت اور خوشحالی کا ضامن ہو سکے ٗ یہ کام کسی اور نظام سے نہیں ہو سکتا۔

(اسٹیٹ بینک افتتاحی تقریر جولائی 1948ء)

Some Useful Articles

About Shoaib Akram

admin

I've been in the business of writing, marketing, and web development for a while now. I have experience in SEO and content generation. If you need someone who can bring life to your words and web pages, I'm your guy.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked

{"email":"Email address invalid","url":"Website address invalid","required":"Required field missing"}
Subscribe to get the latest updates