• Home
  • /
  • Blog
  • /
  • Speech On Hazrat Muhammad (PBUH) In Urdu Written Form

Speech On Hazrat Muhammad (PBUH) In Urdu Written Form

Posted in Urdu Speeches   on  September 9, 2021 by Shoaib

کی محمؐد سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں

صدر عالی مرتبت اور معزز حاضرین! مجھے آج اس ایوان میں جس مقدس موضوع پر اظہار خیال کرنا ہے وہ ہے۔

کی محمدؐ سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں

جناب والا! آج کا موضوع شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کا لافانی پیغام ہے۔اقبالؒ تاریخ اسلام کے آئینے میں جھانکتے ہیں۔غلامان محمد پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔عشاق مصطفےٰ پر کہکشاں کی صورت اترنے والی رحمتِ خداوندی کا جائزہ لیتے ہیں۔ان پر یہ حقیقت واضح ہو جاتی ہے کہ جب مرد مومن صحیح معنوں میں محبت و اطاعت رسول کے نام پر سلطان دو عالمﷺ سے وفاداری کو اصل ایمان بنا لیتا ہے تو تقدیرِ خداوندی اس کی تدبیر کے اشاروں کی محتاج ہوتی ہے اور پھر وہ پردۂ افلاک سے یہ صدا ابھرتی ہے کہ ؎

کی محمدؐ سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا لوح و قلم تیرے ہیں

صدر محترم! محبوب خدا ﷺ سے وفاداری کا اعلان صرف لفظوں کا اظہار نہیں ہے بلکہ یہ تو عمل کی میزان ہے۔یہ محض زبانی اقرار نہیں بلکہ جانی و مالی ایثار ہے۔ یہ صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ خون کی دھاروں پر چلنے کا نام ہے۔یہ ریا کاری یا مصلحت نہیں بلکہ عشق محمد مصطفیٰﷺ کے نام پر خاک و خون میں غسل کرنا ہے۔یہ محض تقریر کی ساحری نہیں بلکہ شمع انوار مصطفوی پر پروانہ وار نثار ہونے کی جلوہ گری ہے۔

حضورﷺ سے وفاداری کا عہد ماضی،حال اور مستقبل سے بے نیاز ہوتا ہے۔محبت رسولﷺ اس کی زندگی،اطاعت مصطفیٰ ﷺ اس کی سربلندی اور ناموس رسالت کی پاسداری اس کی تابندگی ہوتی ہے۔وہ حضور محمد مصطفیٰ ﷺ سے وفاداری کے نام پر ہرقدم پر یہ ثابت کرتا ہے کہ

؎ غلامانِ محمد جان دینے سے نہیں ڈرتے
یہ سر کٹ جائے یا رہ جائے کچھ پروا نہیں کرتے

حاضرین محترم! ہم چند لمحوں کے لئے ماضی میں کھو جاتے ہیں کہ ہمارے اسلاف نے رسول اللہﷺ سے وفاداری کے نام پر کیا کیا۔ماضی کے گلشن ایمان میں کہیں سیدنا بلالؓ کو کوڑے کھا کر رسالت مصطفیٰ ﷺ کے گوہی دینے کی آواز آتی ہے،کہیں حضرت عمار بن یاسرؓ کے کانٹوں پر گھسیٹے جانے کی صدا سنائی دیتی ہے،کہیں سلمان فارسیؓ کی زنجیروں کی جھنکار سنائی دیتی ہے،کہیں صہیب رومی کے زخمی جسم کے قطرے قطرے توحید رسالت کی گواہی دیتے ہوئے نظر آتے ہیں،کہیں حضرت صدیق اکبرؓ یہ کہتے ہوئے کفار کے مظالم کا نشانہ بنتے ہیں کہ ظالمو مجھے مار ڈالو مگر میرے محمدﷺ کو کچھ نہ کہو۔کہیں حضرت زیدؓ کو وفاداری محمد مصطفیٰﷺ کے نام پر تختہ دار پر لٹکایا جا رہا ہے،کہیں حضرت خبیبؓ کے جسم میں نیزوں کی نوکیں چبھوئی جا رہی ہیں،کہیں سیدنا امام حسینؓ میدان کربلا میں خاندان نبوت کی قربانی دیتے نظر آتے ہیں۔

اور پھر جناب والا! تاریخ کے دوش پرسفر کرنے والے غازی علم الدین شہید کا ناموس رسالت پر قربان ہونے کا ایمان آفریں منظر نگاہوں کے سامنے آجاتا ہے۔ان میں سے ہر ایک باطل جلیل اسم محمدﷺ سے وفاداری کے نام پراس حقیقت کا اعلان ہے کہ

آنکھوں میں نورٗ دل میں بصیرت ہے آپ سے
میں خود تو کچھ نہیںٗ میری قیمت ہے آپ سے
قربان ہو رہا ہوں محمد کے نام پر
عقبیٰ ہے ٗ آپ سےٗ میری جنت آپ سے

صدر محترم! سلطان دو عالم سے وفاداری حسن عمل کا تقاضا کرتی ہے۔ارشاد خداوندی ہے۔

(ترجمہ) جس نے رسول اللہﷺ کی اطاعت کی اس نے اللہ عزوجل کی اطاعت کی۔

گویا سلطان مدینہ کی اطاعت ہی اطاعت خداوندی ہے۔حق تو یہ ہے کہ اطاعت رسول ہماری زندگی کے ہر پہلو پر محیط ہونا چاہیے۔ہم سے کوئی راعی ہے یا رعایا ۔حکمران ہے یا عام شہری۔قاضی القصناۃ ہے یا معیشت دان، قانون دان ہے یا سیاسی رہنما۔امام ہے یا مقتدی،میرکارواں ہے یا مسافر منزل شوق۔ہر ایک کو اطاعت مصطفیٰ کا طوق اپنی گردن میں سجانا پڑے گا۔

جناب والا! آج ہم حالات کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔وقت ہمارا دشمن ہے۔اغیار نے اسلام دشمنی کے سلسلہ میں سمجھوتہ کر لیا ہے۔زندگی کی تیز دھوپ نے ہمارے پاؤں جھلسا دئیے ہیں۔چشم فلک ہماری ذلت کا تماشا دیکھ رہی ہے۔اس کا سبب یہ ہے کہ ہم نے اطاعت رسول اور ناموس مصطفیٰ سے وفاداری کے لئے صرف گفتار کا سہارا لے لیا ہے۔آج اگر ہم پھر سے عظمت اسلاف کی داستانیں تازہ کرنا چاہتے ہیں،آج اگر ہم پھر سےلوح و قلم کی میراث کو اپنانا چاہتے ہیں تو اس جذبے کے ساتھ حضور مصطفیٰ ﷺ سے عملی عقیدت کا رشتہ قائم کرنا ہو گا کہ

؎ تیرے در کے سوا آسودگیٔ دل کہاں ملتی
زمانہ تیرے در پر ٹھوکریں کھاتا ہوا آیا

Some Useful Articles

About Shoaib Akram

admin

I've been in the business of writing, marketing, and web development for a while now. I have experience in SEO and content generation. If you need someone who can bring life to your words and web pages, I'm your guy.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked

{"email":"Email address invalid","url":"Website address invalid","required":"Required field missing"}
Subscribe to get the latest updates